جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

جنوبی افریقا نے میچ کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 615 رنز بنائے تھے

جنوبی افریقا نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔

جنوبی افریقا نے میچ کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 615 رنز بنائے تھے، جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فالو آن کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں 478 رنز کا مجموعہ حاصل کرکے 57 رنز کی برتری تو لی، لیکن جنوبی افریقا نے بغیر کسی نقصان کے ہدف پورا کرلیا۔

پاکستان ٹیم نے اگرچہ اننگز کی شکست سے بچاؤ ممکن بنایا، مگر میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ شان مسعود نے 145، بابر اعظم نے 81 اور آغا سلمان نے 48 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلیں۔

ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 213 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر دوبارہ شروع کی۔ نائٹ واچ مین خرم شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر میں کامران غلام نے 28 اور سعود شکیل نے 23 رنز بنائے۔

شان مسعود نے عمدہ 145 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان اور آغا سلمان نے 88 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچا لیا۔ تاہم، رضوان 41 اور سلمان 48 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ عامر جمال نے 34 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ نہ کرسکے، اور پاکستان کی ٹیم 478 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے اپنی زندگی کی 37 بہاریں دیکھ لیں

جنوبی افریقا نے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کرلیا۔ ان کی دوسری اننگز میں بیڈہنگم نے 44 اور مارکرم نے 14 رنز بنائے۔

پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ریان ریکلٹن کو ملا، جنہوں نے پہلی اننگز میں شاندار 259 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 29 چوکے شامل تھے۔ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ مارکو ینسین کو دیا گیا۔

میزبان ٹیم نے پہلا ٹیسٹ 2 وکٹوں سے اور دوسرا ٹیسٹ 10 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

Exit mobile version