سلمان خان کی میگا ایکشن فلم ’سکندر‘ کا ٹیزر جاری، عید پر ریلیز ہوگی

2025 کی عید پر سنیما گھروں میں ’سکندر‘، سلمان خان کے ایکشن کی جھلکیاں سامنے آگئیں

بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی آنے والی ایکشن فلم ’سکندر‘ کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔

سلمان خان پچھلے سال سے اس فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم فلم کی شوٹنگ ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود مداحوں کو ٹیزر کے ذریعے فلم کی پہلی جھلک دکھا دی گئی ہے۔

جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں صرف سلمان خان کی دھماکہ خیز جھلکیاں شامل ہیں، جبکہ کسی اور کردار کو ابھی پردے پر پیش نہیں کیا گیا۔

ٹیزر میں ’اسکوئڈ گیمز‘ طرز کے ولن کو دکھایا گیا ہے، جن کے خلاف سلمان خان کو بھرپور ایکشن میں لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فلم کے ٹیزر کے ساتھ یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ ’سکندر‘ 2025 کی عیدالفطر پر ریلیز ہوگی۔

فلم میں سلمان خان کے ساتھ رشمیکا مندانا، نواب شاہ، کاجل اگروال اور سنیل شیٹی جیسے مشہور اداکار بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

’سکندر‘ کی ہدایت کاری اے آر مروگوڈاس نے کی ہے، جو جنوبی بھارت کے مشہور فلم ساز ہیں، جبکہ اس فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا ہیں، جو اس سے پہلے بھی سلمان خان کے کئی بلاک بسٹر پروجیکٹس پروڈیوس کر چکے ہیں۔

یہ فلم سلمان خان کی بڑی اسکرین پر تقریباً دو سال بعد واپسی ہوگی۔ ان کی آخری فلمیں ’ٹائیگر 3‘ اور ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ 2023 میں ریلیز ہوئی تھیں۔

سلمان خان ہر سال ایک یا دو فلموں میں جلوہ گر ہوتے ہیں، لیکن 2024 میں وہ کسی فلم میں نظر نہیں آئے۔ اب ان کے مداح انہیں 2025 کی عیدالفطر پر ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔

Exit mobile version