پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار 621 پوائنٹس اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 1 لاکھ 13 ہزار 134 کی سطح پر پہنچ گیا
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار 600 سے زائد پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق پیر کو دوپہر 12 بج کر 49 منٹ پر ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار 621 پوائنٹس (3.20 فیصد) اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 1 لاکھ 13 ہزار 134 کی سطح پر پہنچ گیا۔ جمعہ کے روز کاروباری اختتام پر انڈیکس 1 لاکھ 9 ہزار 513 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں کمی کے اثرات: پاکستان میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی
اسٹیٹ بینک کی مسلسل پانچویں بار شرح سود میں کمی، افراط زر میں کمی اور کاروباری اعتماد میں بہتری کے باعث اسٹاک مارکیٹ نے گزشتہ ہفتے 1 لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی۔ تاہم، مسلسل تین دن کی گراوٹ کے بعد مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار 200 پوائنٹس کی ریکوری ہوئی، اور یہ 1 لاکھ 9 ہزار 513 پوائنٹس پر بند ہوا۔ لیکن پیر کے دن کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی مارکیٹ نے غیرمعمولی تیزی کی سمت اپنا سفر شروع کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کو حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کا اعتماد قرار دے چکے ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر حکومتی عہدیداروں نے بھی معاشی اصلاحات اور برآمدات کے فروغ کو ملکی معیشت میں بہتری کی وجہ بتایا ہے۔