پشاور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں آفتاب شیرپاؤ نے ان کا استقبال کیا۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، اور ملک کی مجموعی حالت پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس دوران خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
محسن نقوی نے آفتاب احمد خان شیرپاؤ کو خیبرپختونخوا، بالخصوص کرم کے علاقے میں پائیدار امن کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، ایاز صادق
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ ایک بزرگ سیاستدان ہیں اور خیبرپختونخوا میں ان کی سیاسی خدمات کو سب قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا، خصوصاً کرم کے علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔
اپنی گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کرم ایجنسی جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس مسئلے کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام جماعتوں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔