کھیل

دوسرے ون ڈے: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 330 رنز کا ہدف

قومی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی

پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کو 330 رنز کا ہدف دے دیا۔ یہ میچ جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن میں کھیلا گیا، جہاں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ باووما، جو پہلے میچ میں شامل نہیں تھے، اس میچ کے لیے ٹیم میں واپس آئے۔

قومی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان 80 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، مگر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

صائم ایوب اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت داری کی، مگر صائم ایوب 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ بابر اعظم نے 73 اور محمد رضوان نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے نصف سینچریاں اسکور کیں اور ٹیم کا مجموعہ 200 کے قریب پہنچایا۔

آغا سلمان اور کامران غلام نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ آغا سلمان نے 30 جبکہ کامران غلام نے 32 گیندوں پر 63 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کیوین مافاکا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مارکو جانسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے اپنی وننگ کمبینیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ جنوبی افریقہ نے چار تبدیلیاں کیں اور کیوین مافاکا کو ڈیبیو کا موقع دیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز جاری ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ٹیمیں 3 ٹی20 اور 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلیں گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو سنچورین میں ہوگا جبکہ دوسرا 3 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button