پاکستان نے امریکی پابندیوں کو متعصب اور غیر منصفانہ قرار دے دیا

نجی تجارتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنا انتہائی افسوسناک ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:پاکستان نے امریکی پابندیوں کو متعصب اور غیر منصفانہ قرار دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے امریکی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نجی تجارتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان اقدامات سے خطے میں سٹریٹیجک استحکام کو خطرناک اثرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ماضی میں بھی امریکہ نے شکوک کی بنیاد پر بغیر کسی ثبوت کے پابندیاں عائد کیں۔

ترجمان کے مطابق امریکہ نے دیگر ممالک کو جدید ملٹری ٹیکنالوجی فراہم کی، لیکن دوہرے معیار نے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے مقصد کو نقصان پہنچایا۔ پاکستان کی سٹریٹیجک صلاحیتیں اس کی خودمختاری کے دفاع کے لیے ناگزیر ہیں، اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی پاکستانی خواہش اس کی پالیسی کا اہم ستون ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی میزائل پروگرام خطے میں طاقت کے توازن اور استحکام کے لیے ہے، اور یہ قومی سلامتی کی مقدس امانت ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔

Exit mobile version