اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمان نے وضاحت کی ہے کہ اب تک کسی وی پی این کو بلاک نہیں کیا گیا اور نہ ہی آئندہ ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔
پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ 2024 کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حفیظ الرحمان نے کہا کہ ماضی میں یہ ضرور کہا گیا تھا کہ وی پی این کو بلاک کرنے کی تکنیکی صلاحیت موجود ہے، لیکن واضح طور پر بتا دیا گیا تھا کہ ہم ایسا نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کوئی وی پی این بلاک نہیں کیا گیا اور اس بارے میں جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، وہ بے بنیاد ہیں۔
حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں کچھ چھپانا ممکن نہیں ہے اور ہمیں نیشنل سکیورٹی کے سوالات کے جوابات فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر ہمارے پاس اکثر وضاحت نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اس بات پر زور دیا کہ نیشنل سکیورٹی کے معاملات پر کیے جانے والے سوالات پالیسی ساز اداروں سے کیے جانے چاہئیں، کیونکہ ان کے پاس ان مسائل کا فیصلہ کرنے کی ذمہ داری ہے۔