آئی ٹی کا شعبہ زرمبادلہ کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،وزیر خزانہ

برآمدات بڑھانے کے باوجود آئی ٹی کمپنیاں زرمبادلہ کی مکمل رقم پاکستان واپس نہیں لا رہی ہیں

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ٹی کا شعبہ زرمبادلہ کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہبرآمدات بڑھانے کے باوجود انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کمپنیاں زرمبادلہ کی مکمل رقم پاکستان واپس نہیں لا رہی ہیں، جس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

وزیراعظم کی آئی ٹی ایکسپورٹ ترسیلات زر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے زور دیا کہ آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات زر میں اضافے کے لیے سرمایہ منتقلی کے عمل کو آسان بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات کا مستحکم بہاؤ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور اقتصادی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ زرمبادلہ کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، لیکن اس کے لیے مستقل پالیسیوں، ہدفی اصلاحات اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ برآمدی آمدنی کو مؤثر طریقے سے واپس لایا جا سکے۔

فری لانسرز اور چھوٹی آئی ٹی کمپنیوں کے مسائل پر توجہ

اجلاس کے دوران شرکاء نے فری لانسرز کے لیے مستقل ٹیکس چھوٹ، آسان طریقہ کار، اور چھوٹے آئی ٹی کاروباروں کے مسائل کے حل پر زور دیا۔ یہ اقدامات آئی ٹی کمپنیوں کو زیادہ سازگار ماحول فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنی آمدنی ملک میں واپس بھیج سکیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 23 لاکھ 20 ہزار فری لانسرز موجود ہیں، جو آئی ٹی برآمدات کا 15 فیصد حصہ ڈالتے ہیں، لیکن ان میں سے صرف 38 ہزار کے بینک اکاؤنٹس ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ہر ہفتے 500 نئے بینک اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں، اور امید ہے کہ اس رجحان سے مزید فری لانسرز اس نظام کا حصہ بنیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے اقدامات اور ورکنگ گروپ کی تشکیل

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے اجلاس کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو آئی ٹی سیکٹر کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ان میں اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ آسان بنانا، آگاہی مہمات، شکایات کے ازالے کا بہتر نظام اور بینکنگ فریم ورک میں آئی ٹی کو ترجیح دینا شامل ہیں۔

مزید برآں بین الاقوامی ترسیلات زر کو آسان بنانے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے استعمال پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس میں ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، وزارت آئی ٹی، آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان، اور فری لانسرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔

فری لانسرز کے تحفظات

فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سجاد سید نے وزیر خزانہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ بیرون ملک ادائیگیوں میں مشکلات کا ہے، جس کی وجہ سے آئی ٹی برآمد کنندگان کو کچھ رقم بیرون ملک رکھنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔

Exit mobile version