مذاکرات کیلئے شرط نہیں مطالبات پیش کئے ہیں، بیرسٹر گوہر
سیاسی مسائل کا حل سیاسی بات چیت سے ممکن ہے، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے: چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کیلئے کسی قسم کی شرط عائد نہیں کی گئی، تاہم کچھ بنیادی مطالبات ضرور پیش کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل ہمیشہ سیاسی بات چیت سے ہی حل ہوتے ہیں، اور اس عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا تھا لیکن ایک مرحلے پر رابطہ منقطع ہو گیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو استحکام اور بہتری کی طرف لے جایا جائے۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں درج احتجاجی مقدمات کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کی، جہاں بیرسٹر گوہر اپنے وکلاء سردار مصروف، آمنہ علی، اور مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج شہزاد خان نے کہا کہ مقدمے میں دیگر 7 نامزد ملزمان بھی شامل ہیں، مجھے غیر ضروری امتحان میں نہ ڈالیں۔ ایڈووکیٹ سردار مصروف نے وضاحت کی کہ دیگر ملزمان کی پیشی کا علم نہیں ہے۔
جج نے بیرسٹر گوہر کو مشورہ دیا کہ وہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں، جو منظور کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے دیگر نامزد ملزمان کو درخواست بریت دائر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔