ساؤتھ انڈین فلموں کے سپر اسٹار الو ارجن گرفتار

پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ مچنے کے دوران خاتون کی ہلاکت کے بعد مقدمے میں گرفتار کیا گیا

حیدرآباد:ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار الو ارجن کو بھگدڑ کے کیس میں تلنگانہ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں ان کی سپر ہٹ فلم ‘پشپا 2’ کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ مچنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئیں، جبکہ ان کے دو بیٹے شدید زخمی ہوئے جن کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

تلنگانہ پولیس نے سندھیا تھیٹر میں ہونے والے اس افسوسناک واقعے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے آج صبح الو ارجن کو ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ گرفتار کرتے وقت سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور اداکار کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔

الو ارجن کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ ان کی سیکیورٹی ٹیم اور تھیٹر انتظامیہ کے خلاف بھی قتل و تشدد کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، اس واقعے کی بڑی وجہ پولیس کو بروقت اطلاع نہ دینا تھی۔ سندھیا تھیٹر کی انتظامیہ کو الو ارجن کی آمد کا علم تھا، لیکن انہوں نے پولیس کو آگاہ نہیں کیا، جس کے باعث مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاسکے۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اگر پولیس کو پہلے اطلاع دے دی جاتی تو اضافی سیکیورٹی تعینات کی جاسکتی تھی، لیکن ہجوم کی بڑی تعداد اور سیکیورٹی کے فقدان کے سبب یہ سانحہ رونما ہوا۔

بھارتی میڈیا نے الو ارجن کی گرفتاری کے وقت کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

Exit mobile version