ملک بھر میں سرد موسم نے اپنے رنگ دکھانے شروع کر دیے
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری
مظفرآباد: ملک بھر میں سرد موسم نے اپنے رنگ دکھانے شروع کر دیے ہیں، آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑوں پر دو فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ اس برفباری کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ برقرار ہے۔ ضلع استور میں برفباری کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو چکے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف مقامات، بشمول بابوسرٹاپ، نانگا پربت، اور بٹوگاہ، برف کی سفید چادر اوڑھ چکے ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں، خصوصاً لاہور میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، جہاں پانی کے پائپ تک جم چکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں پہاڑی تودے گرنے کی وجہ سے گلگت سکردو روڈ بند ہو گئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں بھی سردی نے دستک دے دی ہے، اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔