اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی مشکلات کے ازالے کے وعدے پر قائم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں کمی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل اور معاشی ٹیم کی بھرپور محنت کے باعث مہنگائی کی شرح 3.57 فیصد پر آ گئی ہے، جو کہ گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 4 اکتوبر 2018 کے بعد پہلی بار پرائس انڈیکس اس قدر کم ترین سطح پر ریکارڈ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رواں ہفتے کی مہنگائی گزشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 39.11 فیصد کم ہے۔ یہ کامیابی عوام سے کیے گئے وعدوں اور معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات کے ازالے اور ملکی ترقی کے لیے عزم پر کاربند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ روزگار کی فراہمی، صنعتی ترقی، اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اب معاشی استحکام کے بعد تیز رفتاری سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ بیرونی ممالک سے ترسیلات زر اور سرمایہ کاری میں اضافہ، سفارتی تعلقات کا استحکام، اور ملکی ترقی کے لیے کی جانے والی قربانیاں کامیاب رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے سفر میں تمام اسٹیک ہولڈرز مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔