چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر فیصلہ ایک بار پھر مؤخر

آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ بھارتی بورڈ کے جواب نہ ملنے کے سبب ملتوی کردی

دبئی: چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر فیصلہ ایک بار پھر مؤخر ہوگیا، آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ بھارتی بورڈ کے جواب نہ ملنے کے سبب ملتوی کردی گئی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا اجلاس اب 7 دسمبر کو منعقد ہوگا، جہاں انڈیا کے مؤقف کا جواب متوقع ہے۔ بھارتی بورڈ کی جانب سے تاخیر کے باعث آج کے اجلاس میں اہم فیصلے نہیں ہوسکے۔

آئی سی سی کے نئے سربراہ جے شاہ نے اجلاس کو تعارفی قرار دیا تھا، تاہم امکان تھا کہ اس دوران چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول سمیت دیگر امور پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ حیرت انگیز طور پر بھارتی ٹیم کے پاکستان کے دورے سے انکار کا معاملہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد ہائبرڈ ماڈل کے تحت کیا جا سکتا ہے، جبکہ پاکستان نے ٹونیشن فارمیٹ اور نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ تین ملکی سیریز کی تجویز دی ہے۔

بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارتی بورڈ سہہ فریقی سیریز کا مطالبہ قبول نہیں کرے گا، جبکہ بورڈ ممبرز کی اکثریت چیمپیئنز ٹرافی کے ٹونیشن فارمیٹ کے حق میں دکھائی دیتی ہے۔

Exit mobile version