سبزی خور افرادزیادہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں استعمال کرتے ہیں، تحقیق
سبزی خوری کے ساتھ پراسیسڈ کھانوں کی بڑھتی ہوئی عادت تشویشناک ہے، ماہرین
ایک حالیہ برطانوی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ سبزی خور افراد، جو عام طور پر تازہ پھل اور سبزیوں پر انحصار کرتے ہیں، گوشت خور افراد کے مقابلے میں زیادہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق سبزی خور چاکلیٹ، تیار شدہ کھانے، فروزن پیزا، اور سوڈا جیسے پراسیسڈ اشیاء زیادہ مقدار میں کھانے کے عادی ہوتے ہیں۔ امپیریل کالج لندن کی قیادت میں ہونے والی اس تحقیق میں تقریباً دو لاکھ برطانوی شہریوں کی غذائی عادات کا سروے کیا گیا، جس میں ان کے روزمرہ کے کھانوں اور پراسیسڈ اشیاء کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ تمام شرکاء کی غذا میں اوسطاً 20 فیصد حصہ الٹرا پروسیسڈ غذاؤں پر مشتمل تھا، لیکن سبزی خور افراد ان غذاؤں پر گوشت خوروں کے مقابلے میں زیادہ انحصار کرتے پائے گئے۔
ماہرین نے نوٹ کیا کہ سبزی خوروں میں پراسیسڈ اشیاء کا زیادہ استعمال پودوں سے تیار کردہ دودھ اور متبادل گوشت کی بڑھتی ہوئی کھپت سے جڑا ہوا ہے، جو کہ صحت کے حوالے سے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔