موٹروے پولیس نے مسافروں کی سہولت کیلئے ای ٹکٹنگ ایپ کا آغاز کر دیا
ای ٹکٹنگ کے تحت ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس ہولڈر کے پوائنٹس کم کیے جائیں گے، ترجمان
اسلام آباد:مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ای ٹکٹنگ ایپ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے ڈیجیٹل ٹکٹ پرنٹ کی جا سکے گی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ ای ٹکٹنگ کے تحت ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس ہولڈر کے پوائنٹس کم کیے جائیں گے اور جب یہ پوائنٹس مخصوص حد سے تجاوز کریں گے، تو ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس نظام سے چوری شدہ گاڑیوں کا پتا لگانا بھی آسان ہو جائے گا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے 28ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں آئی جی موٹرویز سلمان چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1997 میں 366 کلومیٹر کا سفر شروع کیا گیا تھا، جو آج بڑھ کر ساڑھے چار ہزار کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں موٹرویز کا جال پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔
آئی جی موٹرویز نے بتایا کہ فورس کے پاس ریڈار، اسپیڈ گنز، اور ایمبولینس جیسی سہولتیں موجود ہیں، جبکہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے 95 فیصد عمل درآمد کامیابی کے ساتھ کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فورس کی قربانیاں قابلِ تعریف ہیں۔ ہمارے ایک سب انسپکٹر کو فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید کیا گیا، لیکن اس کے باوجود موٹروے پولیس اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھا رہی ہے۔ مزید یہ کہ فورس 97 فیصد پیپر لیس ہو چکی ہے اور جلد کیش لیس پالیسی کا نفاذ بھی متوقع ہے۔