کھیل

پاکستان کی شاندار فتح، زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کی

پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دی اور سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت میزبان ٹیم زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ ابتدائی اوورز میں ہی زمبابوے کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہو گئی۔ اوپنرز برین برینیٹ 21 اور ٹاڈی وناشے مارومانی 16 رنز بنا کر دہرے ہندسے میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے، تاہم اس کے بعد آنے والے کھلاڑی کم وقت میں آؤٹ ہو گئے اور زمبابوے کی پوری ٹیم 12.4 اوورز میں صرف 57 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

یہ زمبابوے کا ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے کم اسکور تھا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کی اور صرف 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ کارکردگی کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بہترین کارکردگی تھی۔ اس سے پہلے عمر گل نے 2009 اور 2013 میں 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

سفیان مقیم کے علاوہ عباس آفریدی نے 2، حارث رؤف اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے بلے بازوں نے اس معمولی ہدف کو بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ عمیر یوسف 22 اور صائم ایوب 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔

سفیان مقیم کو تاریخ ساز باؤلنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا تھا کہ انہیں ہدف مقرر کرنے یا اس کا تعاقب کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔

یہ میچ بلاوائیو میں کھیلا جا رہا تھا، جہاں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی اور پہلے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل پاکستان نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی تھی، جب کہ زمبابوے 165 رنز کے تعاقب میں 108 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس سے پہلے پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button