اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا معاشی سکیورٹی سے براہ راست تعلق ہے، اسٹاک ایکسچینج کے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنے پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کی آڑ میں ہزاروں افراد نے اسلحہ لے کر اسلام آباد کا رخ کیا، احتجاج کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ تاریخی گراوٹ کا شکار ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مجموعی طور پر مشترکہ کاوش ہے، یہ سب وفاقی حکومت اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی تعاون کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان آہستہ آہستہ درست سمت میں جارہا ہے، دو روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں اسٹاک ایکسچینج تاریخی طور پر نیچے چلی گئی تھی لیکن اس کے بعد یہ ایک لاکھ پوائنٹ عبور کرچکی ہے، یہ تاریخی سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر معاشی طور پر مضبوط ہوں گے، ہماری برآمدات بڑھیں گی جس کی بدولت ہماری نیشنل سیکیورٹی بہتر ہوجائے گی۔