سیالکوٹ: ضلع بھر میں ہفتہ صحت کیمپ کا آغاز
شہریوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے افتتاح کر دیا
سیالکوٹ (سلمان احسان بٹ)ضلع سیالکوٹ کے پانچ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، 6 دیہی ، 3 بنیادی مراکز صحت اور ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں ہفت روزہ صحت کیمپ کا آغاز کردیا گیاہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بی ایچ یو مراد پور میں میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے بعد کیمپ کے معائنہ کے دوران کہی۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کے صحت کے فروغ کیلئے انقلابی پروگرام کے تحت لگائے کئے صحت کیمپ میں ہر عمر کے شہری اپنے طبی معائنہ کیلئے آسکتے ہیں جہاں پر ان کی رجسٹریشن کے بعد کلینیکل ہسٹری ، بنیادی معائنہ، ہیماٹولوجیکل اسکریننگ، شوگر ٹائپ 1 اور ٹائپ 2 ، پھپھڑوں کی صحت اور ٹی بی اسکریننگ، حامی خواتین کا معائنہ، حاملہ خواتین اور 2 سال سے کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن کے علاوہ مریضوں کی کونسلنگ اور طبی رہنمائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ میڈیکل کیمپ میں آنے والے مریضوں کو ان کے علاج معالجے کی سہولیات کے ساتھ ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔ لہذا شہری اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کریں اور صحت میڈیکل کیمپ میں تشریف لائیں۔
یاد رہے میڈیکل کیمپ ضلع سیالکوٹ کی 5 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال، پسرور ڈسکہ، چونڈہ اور کوٹلی لوہاراں، 6 دیہی مراکز صحت جامکے چیمہ، ستراہ، کلاسوالہ، گھگھڑ، کاہلیاں اور بیگووالہ اور 3 بنیادی مراکز صحت مراد پور، آگاہی اور راجہ ہرپال میں ہفتہ صحت کیمپ لگائے گئے ہیں۔