پنجاب میں 130 ارب روپے کے سکالرشپ پروگرام کا اعلان

68 ہزار طلبہ نے درخواستیں جمع کر دیں، 30 ہزار طلبہ ہر سال مستفید ہوں گے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے طلبہ کے لیے 130 ارب روپے کا ہونہار سکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد تعلیم کے شعبے کو مزید مستحکم کرنا اور ہونہار طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق اس سکالرشپ اسکیم کے لیے 68 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔ ان میں 65 یونیورسٹیز، 359 کالجز اور 12 میڈیکل کالجز کے طلبہ شامل ہیں۔ سکالرشپ سکیم کا مقصد پنجاب کے غریب مگر ذہین طلبہ کو تعلیمی میدان میں اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام تعلیمی شعبے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور ان کی حکومت کا یہ قدم تعلیم کی ترقی کے لیے ایک شاندار اقدام ہے۔ سکیم کے تحت 68 مختلف مضامین کے طلبہ کو سکالرشپ دی جائے گی، اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہر سال 30 ہزار طلبہ کو اس پروگرام سے فائدہ پہنچے گا۔

ترجمان کے مطابق یہ سکالرشپ پروگرام انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام کے طلبہ کے لیے ہے، جس میں ان کی 4 سے 5 سال تک کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی۔ سکالرشپ حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کی عمر 22 سال سے کم اور آمدنی 3 لاکھ روپے سالانہ سے کم ہونی چاہیے۔ اس پروگرام کے ذریعے، پنجاب کے وہ نوجوان جو مالی طور پر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے آگے بڑھ سکیں گے۔

Exit mobile version