سموگ کی شدت میں کمی:لاہور، ملتان کے علاوہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کل کھلیں گے
تمام طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا، نوٹیفکیشن جاری
لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی کے باعث پنجاب میں سموگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے علاوہ دیگر تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکول صبح پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے۔
ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے دستخطوں سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ آئوٹ ڈور سرگرمیوں اور کھیلوں پر پابندی عائد ہوگی جبکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے جماعتوں کے مختلف چھٹی کے اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ سکول انتظامیہ حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ دار ہوگی۔
ماحولیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث پنجاب کے کئی اضلاع میں فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سخت فیصلے کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کی تعلیم اہم ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔