کمشنر ساہیوال کی جنرل بس سٹینڈ میں جدید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

بس سٹینڈ میں پارکنگ، واش رومز اور کشادہ راستے بنانے کا پلان تیار کریں،کمشنر شعیب اقبال سید

ساہیوال (ارسلان بابر) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کو جنرل بس سٹینڈ میں مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی، بس سٹینڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ،واش روم، انتظار گاہ، داخلی اور خارجی راستے کشادہ کئے جائیں، کمشنر کی ہدایت۔

وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، میونسپل آفیسر کارپوریشن وقاص اکرم، پسپ کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت شہر میں ٹف ٹائل لگانے کے کام میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک پتن روڈ، آڑاتلہ روڈ، فرید ٹاؤن اور کالج روڈ پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے حکام کو جی ٹی روڈ اور آڑاتلہ روڈ کی گرین بیلٹس کو بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے شہر کی سڑکوں پر گرین بیلٹس میں پودوں کی کٹائی اور ان پر پڑی دھول مٹی کی دھلائی کی بھی ہدایت کی تاکہ خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔

Exit mobile version