گلگت بلتستان میں شدید برفباری: سفر میں رکاوٹیں اور رابطے منقطع
درجہ حرارت منفی 14 ڈگری، گلگت بلتستان کے بالائی علاقے مشکلات کا شکار
گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے نتیجے میں زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں اور سفر میں رکاوٹوں کی وجہ سے مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خطے میں درجہ حرارت منفی 14 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جس سے حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔
بابوسر ٹاپ اور خنجراب پاس جیسے اہم راستے برفباری کے باعث بند ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان سفر متاثر ہو رہا ہے۔ حکام نے تصدیق کی کہ خنجراب پاس پر کئی گاڑیاں پھنس چکی ہیں، جبکہ راؤنڈو کے مقام پر چٹان گرنے سے بلتستان روڈ بھی بلاک ہو چکی ہے۔ تاہم، حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ سڑک کو ہفتہ تک ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔
گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر اور گھانچے اضلاع میں 16 نومبر تک مزید شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب، اسکردو کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فوج نے دیوسائی کے برف سے ڈھکے میدانی علاقے میں پھنسے ہوئے 15 مسافروں کو کامیابی سے بچا لیا ہے۔