لاہور (عظیم چوہدری) بابا گرو نانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔
صوبائی وزیر نے سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے شہر اور گردوارہ کے داخلی و خارجی راستوں کا دورہ کر کے ضروری ہدایات بھی دیں۔
ڈی سی آفس کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے 13 سے 16 نومبر تک سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں رہیں گے، بعد ازاں فاروق آباد، حسن ابدال، کرتارپور، ایمن آباد اور لاہور کا بھی دورہ کریں گے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستانیوں کی پہچان ہے اور اس بار بھی اپنے مہمانوں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتری اس تقریب میں شرکت کریں گے اور ان کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ہدایت دی کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے 20 سالہ ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں بھی بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
مزید ہدایات میں گردوارہ جنم استھان میں اضافی کرنسی ایکسچینج اور پی سی او بوتھ بنانے، پنجاب فوڈ اتھارٹی سے کھانے اور لنگر کے معیار کی جانچ کروانے کا بھی ذکر شامل تھا۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی سی تسلیم اختر راؤ، ڈی پی او سید ندیم عباس اور سکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔