سیالکوٹ (سلمان احسان بٹ) وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے شعبہ اردو کی سکالر سحر مبین کو پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل ہونے پر مبارک باد دی۔
سحر مبین نے "اکیسویں صدی کے منتخب اردو نشریاتی ڈراموں کے سماجی اثرات” کے موضوع پر اپنی تحقیق سربراہ شعبہ اردو ڈاکٹر افضال بٹ کی زیر سرپرستی مکمل کی، جس پر وائس چانسلر صاحبہ نے ان کی محنت اور علم دوست جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اردو ادب میں تحقیق کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اس کامیابی میں نگران مقالہ اور صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد افضال بٹ کے کردار کو بھی سراہا ، جن کی رہنمائی اور سرپرستی نے سحر مبین کو اس مقام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وائس چانسلر صاحبہ نے مزید کہا کہ شعبہ اردو کے تمام اساتذہ کی محنت، قابلیت اور لگن یونیورسٹی کے تحقیقی معیار کو مزید بلند کر رہی ہے اور مستقبل قریب میں جامعہ سے مزید پی ایچ ڈی اسکالرز اپنی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں مکمل کر لیں گے۔
وائس چانسلر صاحبہ نے اس موقع پر بیرونی ممتحن حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا، جن میں پشاور یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ شاہین اور پنجاب یونیورسٹی لاہور کے پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران شامل ہیں۔
ان ممتاز علمی شخصیات کے قیمتی مشورے اور رہنمائی نے اس تحقیقی مقالے کو مزید معتبر اور قابل قدر بنایا۔
اس موقع پر بیرونی ممتحن حضرات نے وائس چانسلر، شعبہ اردو، اور بالخصوص سحر مبین کو ان کی عظیم کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔