سرگودھا (محمداجمل خان) 5 نومبر وزیر اعلٰی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے اجراء کے لئے مویشی پال کسانوں کی رجسٹریشن کا آغاز آج 5 نومبر سے شروع ہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں کسان لائیو سٹاک بیٹھک،سکول فوکس پروگرام،موبائل ویٹرنری ڈسپنسری اور موبائل ٹریننگ سکول بس کے ذریعے مویشی پال حضرات کو اس سکیم بارے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں سہولت ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عارف سلطان نے بتایا کہ مویشی پال کسانوں کے لئے وزیر اعلٰی پنجاب کا یہ ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت135000روپے سے 270000روپے تک 5ماہ کے لئے بغیر سود کے قرضہ حاصل کریں۔
انہوں نے اہلیت کے معیارسے متقلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ درخواست گزار صوبہ پنجاب کا رہائشی،اصل قومی شناختی کارڈ کا حامل ہو۔
درخواست گزار کی موبائل فون سم ایکٹو اور اس کے نام پر رجسٹرڈ ہونی چاہیے،درخواست گزار کم از کم پانچ سے دس کٹروں بچھڑوں کا مالک ہو،دس سے زیادہ بچھڑے رکھنے والے درخواست گزار بھی قرضہ لینے کے اہل ہوں گے تاہم ان کو قرض کی سہولت صرف دس جانوروں کے اوپر دی جائے گی۔
قرضہ لینے کا خواہش مند مویشی پال8070 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر مسیج کریں۔
درخواست گزار کی الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو کے ادارے سے صاف کریڈٹ ہسٹری (نادہندہ نہ ہونے) کے حامل ہونے کی تصدیق ہو گی۔
درخواست گزار کی نادرا اور نیکٹا کے اداروں سے شناخت اور کردار کی تصدیق بھی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ اربن یونٹ درخواست گزار مویشی پال اور اس کے جانوروں کے موجود ہونے کی تصدیق کرے گا۔
درخواست گزار کا محکمہ لائیو سٹاک کا ڈیٹا بیس 9211 پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ شرائط پر پورا اترنے والے اہل درخواست دہندگان کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سے استفادہ کرنے کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایپلیکیشن پر آن لائن اپلائی کیا جا سکے گا۔ قرض کا مکمل دورانیہ زیادہ سے زیادہ 150دن (پانچ ماہ) ہو گا۔
قرض استعمال کرنے کا دورانیہ120 دن (چار ماہ) ہوگا۔اگلے 30 دن(ایک ماہ) مکمل قرض واپس کرنے کا دورانیہ ہو گا۔مویشی پال حضرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعہ بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔
سود یا منافع کی رقم حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔کم سے کم پانچ کٹروں اور بچھڑوں پر ستائیس ہزار روپے فی جانور کے حساب سے ایک لاکھ پینتیس ہزار کا قرض فراہم کیا جائے گا۔
زیادہ سے زیادہ دس کٹروں بچھڑوں پر ستائیس ہزار فی جانور کے حساب سے کل دو لاکھ ستر ہزار روپے قرض فراہم کیا جائے گا۔
قرض کی رقم ماہانہ بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔ مویشی پال قرض کی رقم سے بینک آف پنجاب کے رجسٹرڈ مقامی فیڈ ڈیلرز سے لائیو سٹاک کارڈ کو استعمال کر کے جانوروں کی خوراک ونڈا،سائیلیج اور نمکیاتی آمیزہ خرید سکیں گے۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں سہولت ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں سے کسان راہنمائی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔