اسموگ بڑھنے کے باعث لاہور میں پرائمری سکول ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان

بھارت سے آنے والی آلودہ ہوا لاہور میں اسموگ بڑھانے کی وجہ: مریم اورنگزیب

لاہور: حکومت پنجاب نے شہر میں بڑھتی ہوئی اسموگ کی وجہ سے پرائمری سکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت سے آنے والی ہواؤں نے لاہور میں اسموگ کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی آلودہ ہوا پاکستان میں داخل ہوئی، جس سے خاص طور پر لاہور میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسموگ کے تدارک کے لیے پنجاب حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں مختلف محکموں کو ایک مشترکہ حکمت عملی دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پلان پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، 550 سے زائد اینٹوں کے بھٹے مسمار کیے جا چکے ہیں، پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی گئی ہے، اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں بھی بہتری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیر نے مزید کہا کہ شہری اسموگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ حکومتی ٹیمیں فیلڈ میں ہیں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک ہزار سپر سیڈز کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، اور ای بائیکس کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ اسموگ کا مسئلہ بھارت سے بات چیت کیے بغیر حل نہیں ہو سکتا، کیوں کہ یہ مسئلہ سرحدوں سے آنے والے دھویں کی وجہ سے پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے اسموگ کی روک تھام کے لیے کسی بھی قسم کی رعایت نہ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے لاہور میں پرائمری اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اسموگ کے کنٹرول کے لیے پانچویں جماعت تک تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گے۔

Exit mobile version