گوادر: نامعلوم افراد نے رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کردیا
گوادر کے علاقے سربندر میں نامعلوم مسلح افراد نے رہائشی کوارٹر میں گھس کر فائرنگ کی اور 7 افراد کو قتل کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر محسن علی کے مطابق نامعلوم افراد نے فش ہاربر کے قریب رہائشی کوارٹر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سات افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعہ تقریبا رات تین بجے کے قریب پیش آیا ، تمام جاں بحق و زخمی افراد ایک رہائشی کوارٹر میں رہائش پذیر تھے اور سربندر میں حجام کی دوکان پر کام کرتے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا گیا ہے۔
پولیس نے لاشوں اورزخمیوں کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
Load/Hide Comments