حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق نئے نرخوں کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 14 پیسے ہوگئی ہے۔
مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔
یہ نئی قیمتیں یکم نومبر کو رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔
خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے (16 تا 31 اکتوبر کے لیے) ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا تھا، جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔
اس سے پہلے، 30 ستمبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے پیٹرول کو 2 روپے اور ڈیزل کو 3 روپے 40 پیسے سستا کیا تھا۔
15 ستمبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
فی الحال، حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 76 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، جس میں 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی اور 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یہ بات سامنے آئی تھی کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکم نومبر سے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان تھا، جس کی وجہ عالمی منڈی میں نرخوں میں معمولی کمی تھی۔
باخبر ذرائع کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں پچھلے 15 دنوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں بالترتیب تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہو چکی ہیں۔ موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے مطابق، پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے کی کمی ہو سکتی ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر سے کم ہو کر 76 ڈالر ہو گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی بیرل قیمت 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر پر آ گئی ہے۔
موجودہ 15 روز کے دوران، پیٹرول اور ڈیزل پر امپورٹ پریمیم 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا ہے، اور اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہے۔