اسموگ کے خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

بھارتی پنجاب کو بھی اسموگ کے خاتمے کیلئے ایکشن لینا ہو گا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسموگ کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور اس مسئلے کے حل میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب کو بھی اسموگ کے خاتمے کیلئے ایکشن لینا ہو گا۔

کالا شاہ کاکو میں کسانوں کے لیے زرعی آلات اور سپرسیڈر کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ کسان ان کے دل کے قریب ہیں اور پنجاب کی ترقی کا راستہ زراعت سے گزرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی زراعت کی ٹیم ہمیشہ ایک قدم آگے رہتی ہے کیونکہ زراعت کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ اس سلسلے میں، ٹریکٹرز اسکیم کے تحت 16 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ تقریباً 300 سپرسیڈر کسانوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، اور 1,000 کے قریب مزید فراہم کیے جائیں گے۔ 7 ارب کے سپرسیڈر منصوبے کے لیے 8 لاکھ روپے کی سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپرسیڈر کھاد، بیج، اور دیگر کام بیک وقت انجام دیتا ہے، جس سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے، کیونکہ یہ عمل ماحول کو آلودہ اور اسموگ پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے ہر شخص کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی، اور بھارتی پنجاب کے کردار کی بھی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ نے جدید زرعی مشینری کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روٹاویٹر، ہارویسٹر اور آلو لگانے والی مشینیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے سیاسی مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد صرف سازشیں کی گئیں لیکن کارکردگی صفر رہی۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ صرف الزامات لگائے گئے ہیں، جبکہ (ن) لیگ کی کارکردگی ہمیشہ بھاری رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کام کرنے کا ہنر صرف چند لوگوں کو آتا ہے، اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

Exit mobile version