کسان کارڈ کے ذریعے اب کسان براہ راست حکومت سے مستفید ہوسکیں گے،مریم نواز

میں خود منصوبے پر محنت کر رہی ہوں اور کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہوں، وزیراعلیٰ

حافظ آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کسانوں سے گندم نہ خریدنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن روٹی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا۔

حافظ آباد میں کسان کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی ہمارے کسان بھائی ہیں۔ انہوں نے کسان کارڈ کی لانچنگ پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں خود منصوبے پر محنت کر رہی ہوں اور کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی عدم موجودگی کے باوجود کسان کارڈ کا منصوبہ کامیابی سے لانچ ہوا، اور اس میں ان کی محبت شامل ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسانوں سے گندم نہ خریدنے کے فیصلے سے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا خطرہ تھا لیکن پنجاب کے عوام کے لیے روٹی 12 روپے میں رکھی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اب کسان براہ راست حکومت سے مستفید ہوسکیں گے اور کسی آڑھتی یا بلیک میلر کا کردار نہیں ہوگا۔ حکومت نے کسانوں کے لیے 500 ارب روپے کا پیکیج بھی مختص کیا ہے۔

مزید کہا کہ کسان قرضوں پر سود ادا کرتے تھے، اس بار حکومت نے ان کے سود کا بوجھ خود اٹھایا ہے۔ کسان کارڈ کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہوئیں اور ٹریکٹرز اسکیم کے لیے بھی لاکھوں کسانوں نے درخواست دی۔ کسان کارڈ کے بجٹ کو 5 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ کردیا گیا ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ کسان کارڈ کے ذریعے بیج، کھاد، اور پیسٹیسائیڈ فراہم کیے جارہے ہیں، اور بیج و دیگر اشیاء کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کسانوں نے کسان کارڈ کے ذریعے 6 ارب روپے کی خریداری کی ہے، اور سب سے زیادہ بیج گندم کا فروخت ہوا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ گندم اگائیں، منافع کی ذمہ داری حکومت لے گی، اور 25 ایکڑ تک گندم اگانے والوں کو لیزر لیولر بھی دیں گے۔ بڑی کسان برادری کے لیے 1000 مفت ٹریکٹرز بھی دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز اسکیم کا بھی آغاز کیا جارہا ہے، اور اس پروگرام میں پنجاب کے ہر تحصیل میں کرائے پر زرعی مشینری مہیا ہوگی۔ ڈیزل اور بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولرائزڈ کرنے کا بھی منصوبہ ہے، اور پہلے مرحلے میں 7 ہزار ٹیوب ویلز سولرائز کیے جائیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ 2200 آؤٹ لیٹس پر کسان کارڈ کے ذریعے مستند بیج اور کھاد فراہم کی جارہی ہیں اور تعداد بڑھا کر 3000 کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی بحالی، مہنگائی میں کمی، اور عالمی اعتماد پاکستان پر بحال ہو رہا ہے۔ مریم نواز نے نالائق اور ناکام حکومتی دور میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور عملی کام کے ذریعے تبدیلی لانے کا عزم ظاہر کیا۔

Exit mobile version