پنجاب میں انٹر میڈیٹ پارٹ ون کے نتائج کا اعلان

لاہور بورد میں ایک لاکھ 62ہزار امیدواروں نے شرکت کی ۔ نتائج میں کامیابی کا تناسب 52فیصد رہا

پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے انٹر میڈیٹ پارٹ ون کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔

لاہور بورد میں ایک لاکھ 62ہزار امیدواروں نے شرکت کی ۔ نتائج میں کامیابی کا تناسب 52فیصد رہا، انٹرمیڈیٹ پارٹ ون امتحانات میں 77ہزار سے زائد امیدوارفیل ہوئے۔

گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں ایک لاکھ31ہزار397امیدواروں نے شرکت کی۔امتحانات میں68ہزار71امیدوارکامیاب ،63ہزار326 امیدوارفیل قرار پائے ،کامیابی کا تناسب51فیصد رہا۔

ساہیوال بورڈ میں39ہزار855طلبا نے امتحان دیا ،کامیابی کا تناسب 51فیصد رہا۔فیصل آباد تعلیمی بورڈ میں98ہزار834 امیدواروں نے حصہ لیا،63ہزار806 پاس ہوئے،کامیابی کا تناسب 64.56 فیصدرہا۔

ملتان بورڈ میں68ہزار 674امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا،37ہزار814 امیدوار امتحانات میں پاس ہوئے،امتحانات میں کامیابی کی شرح55فیصد رہا۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے بھی امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (گیارہویں جماعت) سالانہ (اول) 2024ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

نتائج کی سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی‘ پی آر او بورڈ رضوان احمد جوئیہ‘ پی ایس ٹوچیئرپرسن احسان احمد‘آفتاب احمد اور ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرپرسن بورڈ نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کررزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اَپ لوڈ ہو گیا۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (گیارہویں جماعت) سالانہ (اول)2024 ء میں 98834 طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 63806 پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 64.56فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد‘ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباء وطالبات کیلئے الگ الگ 364امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ طلباء وطالبات کوپیپر دینے کیلئے دور دراز علاقوں کے سنٹروں میں نہ جانا پڑے بلکہ ان کے اداروں کے قریب ہی واقع امتحانی مراکز میں انہیں یہ سہولت میسر رہے۔

سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق طلباء وطالبات کو سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پرپہنچانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید کی خصوصی دلچسپی سے الحمد اللہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ون ونڈو اپ گریڈ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے طلباء و طالبات کو ایڈمیشن فارم جمع کروانے سے لے کر مائیگریشن‘ این او سی‘ اسناد کی وصولی اور ویری فکیشنز وغیرہ سمیت تمام تر سہولیات ایک ہی کھڑکی پر میسر ہیں جہاں نہ صرف ان کا کام منٹوں میں مکمل ہو رہا ہے بلکہ اب ان کے قیمتی وقت کا ضیاں بھی نہیں ہوتا اور یوں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

اس موقع پر کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعیدنے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط‘ محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشاء اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اورہر قسم کی غلطیوں سے مبراء ہیں تاہم طلباء وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔

ایسے طلباء وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔

اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبرز0412517710 یا 0419330366پر رابطہ کر سکتا ہے۔

Exit mobile version