کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے کارساز میں پیش آنے والے تباہ کن حادثے کی مرکزی ملزمہ کو منشیات کے مقدمے میں بھی ضمانت دے دی ہے۔
عدالت نے ملزمہ کو دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے بعد رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کارساز حادثے کے مقدمے میں فریقین کے درمیان معاملات طے پا چکے تھے اور سیشن کورٹ نے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت دے دی تھی۔ تاہم ملزمہ کے خلاف منشیات کے استعمال کا الزام بھی لگایا گیا تھا جس پر عدالتی کارروائی جاری تھی۔
ملزمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ ذہنی مریضہ ہے اور اس کا علاج چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ، متاثرہ خاندان نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے۔ عدالت نے ان دلائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمہ کی ضمانت منظور کر لی۔
یاد رہے کہ 20 اگست کو کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا تھا اور اس کے خلاف منشیات کے استعمال کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔