پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رحجان

12 بج کر 42 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 910 پوائنٹس یا 1.12 فیصد کمی کے بعد 80 ہزار 381 پوائنٹس پر آگیا

کراچی :پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رحجان ہے، کے ایس ای انڈیکس 910 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 80 ہزار کی سطح پر آگیا۔

اس سے قبل 26 ستمبر کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا لیکن یہ خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور ابتدائی تیزی کے بعد مندی کا رجحان غالب آ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر تقریباً 12 بج کر 42 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 910 پوائنٹس یا 1.12 فیصد کمی کے بعد 80 ہزار 381 پوائنٹس پر آگیا، جو 81 ہزار 292 پر بند ہوا تھا۔ اس سے ایک روز قبل بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 764 پوائنٹس اضافے سے 82 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

سیکیورٹیز مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی مختلف وجوہات ہیں جن میں سیاسی عدم استحکام، ڈالر کی قدر میں اضافہ، مہنگائی اور عالمی سطح پر اقتصادی صورتحال کا بگڑنا شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ابھی بھی ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں تشویش ہے اور وہ اپنی سرمایہ کاری کو محفوظ جگہوں پر منتقل کر رہے ہیں۔

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے انہیں کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن اس کے باوجود مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو اسٹاک مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

Exit mobile version