اسرائیل کی لبنان پر خوفناک بمباری، خواتین اور بچوں سمیت 558 شہید

تل ابیب / بیروت: اسرائیلی فوج کی لبنان میں خوفناک بمباری میں 558 افراد شہید جبکہ 1600 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان میں اپنی کارروائیاں تیز کر دیں ، گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے لبنان میں وحشیانہ بمباری کی گئی جس کےنتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 558 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 1600 سے زائد افراد زخمی ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

لبنان کے وزارت صحت کی جانب سے اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد گھر بھی تباہ ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بیروت میں ہونے والے فضائی حملے میں حزب اللہ جنوبی ریجن کے کمانڈرعلی کرکی شہید ہوئے۔ لبنان میں ہونے والی فضائی کارروائیوں میں 58 خواتین، 36 بچے اور 2 پیرامیڈیکس اسٹاف اور 2 طالبات بھی شہید ہوئیں ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے جبکہ وہاں سے سیکڑوں شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔

خیال رہے کہ آج صبح ہی اسرائیلی فوج نے لبنانی شہریوں کو ٹیکسٹ میسیجز بھیجے تھے جس میں انھیں حزب اللہ کے زیر استعمال گھروں اور عمارات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ حملوں سے قبل سائرن بھی بجائے گئے اور پھر آسمان سے ہر جانب سے بم معصوم شہریوں پر گرنے لگے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

Exit mobile version