ایف بی آر کا نان فائلرز کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ
اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
یکم اکتوبر سے نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے جن میں بیرون ملک جانے پر پابندی، موبائل سمز اور بجلی و گیس کے کنکشن منقطع کرنے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔
ایف بی آر نے 13 ہزار ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں لاکھوں نان فائلرز کو حتمی ٹیکس نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مالی سال 2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے 30 ستمبر تک جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے۔ جو افراد ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے ان سے دگنا ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا اور ان کا آڈٹ بھی کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے 10 بڑے شعبوں بشمول ریٹیل، ہول سیل، ٹرانسپورٹ، ریئل اسٹیٹ، تعمیرات، صحت اور تعلیم سے اربوں روپے ٹیکس وصول کرنے کا ہدف رکھا ہے۔
ایف بی آر کے پاس شہریوں کی ٹرانزیکشن کا مکمل ریکارڈ موجود ہے اور ٹیکس چوری یا غلط معلومات دینے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔