اروند کیجریوال نے استعفے کے اعلان کے بعد اپنی جگہ نئی دہلی کی وزیر آتشی مارلینا کو بطور وزیر اعلیٰ نامزد کردیا۔
انہوں نے یہ فیصلہ بدعنوانی کے مقدمے میں ضمانت ملنے کے بعد اگلے سال ہونے والے انتخابات میں نئے مینڈیٹ جیتنے پر توجہ مرکوز کرنے کی وجہ سے کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آتشی، جو صرف ایک نام استعمال کرتی ہیں، عام آدمی پارٹی ( اے اے پی) کی ایک بانی رکن ہیں جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت ناقد اروند کیجریوال کی قیادت میں بدعنوانی مخالف تحریک نکالے جانے کے بعد قومی سطح پر شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔
نئی نامزد وزیر اعلیٰ عام آدمی پارٹی اور دہلی حکومت کا اس وقت سرکردہ چہرہ رہیں جب 56 سالہ اروند کیجریوال کو مارچ میں بدعنوانی کے ایک کیس میں گرفتار کر کے جیل میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔
اروند کیجریوال کو دارالحکومت نئی دہلی کی شراب کی فروخت پالیسی میں مبینہ بدعنوانی کے الزام میں حراست میں لیے جانے کے تقریباً 6 ماہ بعد، بھارتی سپریم کورٹ نے جمعہ کو ضمانت دی تھی۔
ضمانت کے بعد اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ وہ دہلی اسمبلی کے اگلے سال فروری میں ہونے والے انتخابات پر توجہ دینے کے لیے اپنی وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہوجائیں گے، عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق اروند کیجریوال اپنا استعفیٰ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کو جمع کرائیں گے۔