بھارت : مگ 29 لڑاکا طیارہ راجستھان میں گر کر تباہ
باڑمیر: راجستھان کے باڑمیر میں رات کے معمول کے تربیتی مشن کے دوران ایک مگ 29 لڑاکا طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ خوش قسمتی سے پائلٹ حادثے سے پہلے ہی طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ آئی اے ایف نے کہا ہے کہ ایک کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔
During a routine night training mission in Barmer sector, an IAF MiG-29 encountered a critical technical snag, forcing the pilot to eject. The pilot is safe and no loss of life or property was reported. A Court of Inquiry has been ordered.
— Indian Air Force (@IAF_MCC) September 2, 2024
راجستھان کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نریندر مینا کے مطابق، طیارہ ایک آبادی والے علاقے سے دور ایک دشوار گزار علاقے میں گرا۔ دشوار گزار علاقے کی وجہ سے فائر ٹینڈرز جائے حادثہ تک نہیں پہنچ سکے۔
یہ سال کا تیسرا ایسا واقعہ ہے جب انڈین ایئر فورس کا کوئی لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔ اس سے قبل جون میں ایک سخوئی 30 اور مارچ میں ایک تیجس طیارہ حادثے کا شکار ہو چکے ہیں۔ دونوں واقعات میں پائلٹ محفوظ رہے تھے۔