بھارتی ریاست گجرات میں مون سون کی تباہی: 28 افراد ہلاک
احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ تین دنوں کے دوران کم از کم 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ساحلی علاقوں میں جمعرات کو مزید بارشوں کا امکان ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے تقریباً 30 ہزار افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
بھارتی ریاستی حکومت کے مطابق بدھ کو بارشوں کے دوران 13 افراد ڈوب گئے جبکہ باقی ملبہ یا درخت گرنے سے ہلاک ہوئے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ تعداد 35 تک پہنچ چکی ہے۔
گجرات میں سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں ودودرا شامل ہے جہاں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور تقریباً 1000 دیہات بجلی سے محروم ہیں۔
آفات سے نمٹنے والے اہلکاروں نے 1856 افراد کو ریسکیو کیا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے فوجی اہلکاروں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ڈیزاسٹر حکام کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ وہ سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے کشتیاں اور ٹائر استعمال کر رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھارت کی شمالی مغربی ریاست ٹریپورا میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں سے 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسی طرح بنگلہ دیش میں بھارت کی جانب سے آنے والے سیلاب سے کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے تھے۔