خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف قائم کمیٹی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ
پشاور : خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف قائم کمیٹی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس کمیٹی کا نام پی ٹی آئی انٹرنل اکاؤنٹیبیلٹی کمیٹی رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی 20 دن قبل گڈ گورننس کے نام سے قائم کی گئی تھی لیکن اب اس کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اس کمیٹی کا مقصد پارٹی کے اندر کرپشن کے واقعات کی تحقیقات کرنا اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔ کمیٹی کے لیے الگ سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا اور اسے دفتر، سٹاف اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عوام شکایات درج کرنے کے لیے کمیٹی کی الگ ویب سائٹ کا استعمال کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، لوگ ای میل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔کمیٹی 3 ممبران پر مشتمل ہوگی۔
کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے بات چیت ہو چکی ہے اور جلد ہی سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک سابق وزیر شکیل خان کے علاوہ کسی کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم اگر کسی اور وزیر یا سیکرٹری کے خلاف کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو اس پر بھی کارروائی کی جائے گی۔