پشین میں دھماکہ، 2معصوم بچے جاں بحق، 12افرادزخمی
پشین : بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس لائن کے قریب زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2معصوم بچے جاں بحق جبکہ 5پولیس اہلکاروں سمیت 12افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا پولیس لائن کے قریب ہوا جس سے ایک گاڑی اور ایک موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کی جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کے محرک اور اس میں ملوث افراد کو تلاش کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔