وزیراعظم کا پانچ سالہ معاشی پلان تیار، اہم اہداف کا اعلان جلد متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم کا پانچ سالہ معاشی پلان تیارکر لیا گیا، اہم اہداف کا اعلان جلد متوقع ہے.
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پانچ سالہ معاشی پلان کے اہم اہداف کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔ اس پلان میں ملکی اقتصادی ترقی، مالیاتی استحکام، اور معاشی اصلاحات کے متعدد اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔
جی ڈی پی گروتھ، برآمدات، ایف بی آر اہداف، نجکاری پلان، مالیاتی خسارہ کنٹرول، پرائمری بیلنس سرپلس، پی ایس ڈی پی، سرمایہ کاری، اوورسیز اور زراعت پلان کے اہداف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، انرجی ریفارمز، اخراجات میں کٹوتی، فارمرز کریڈٹ لینڈنگ، اور ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن بھی اس پلان کا حصہ ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق، پانچ سالہ پلان کے تحت جی ڈی پی گروتھ کو 6 فیصد تک بڑھانے اور مہنگائی کو 7 سے 8 فیصد تک محدود کرنے کا مقصد ہے۔ مالیاتی خسارہ رواں مالی سال جی ڈی پی کا 6 فیصد، اور آئندہ مالی سال 4.7 فیصد تک محدود کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، مالیاتی خسارہ سال 2026-27 تک 3.6 فیصد اور مالی سال 2028 میں مزید کم کرنے کا پلان بھی شامل ہے۔
برآمدات کو پانچ برسوں میں دوگنا کر کے 60 ارب ڈالر سے زائد بڑھانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، برآمدات میں ہر سال تقریباً 5 سے 6 ارب ڈالر اضافے کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے فارمرز کریڈٹ لینڈنگ بڑھانے کے لیے کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر پلان مرتب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
مزید برآں پی ایم آفس نے تصدیق کی ہے کہ شہباز شریف جلد ہی آئندہ پانچ سالہ معاشی پلان کا تفصیلی اعلان کریں گے، جس کے ذریعے ملکی معیشت کی ترقی اور مالی استحکام کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔