موسلا دھار بارشیں،مون سون کا نیا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان

موسلا دھار بارشیں،مون سون کا نیا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان

لاہور/اسلام آباد : ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں،مون سون کا نیا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے.

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث زندگی معمول سے باہر ہو چکی ہے۔ پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔

پنجاب میں ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یارخان سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ مکانوں کی چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کے واقعات میں کئی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کے باعث معمول زندگی متاثر ہوئی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں اور رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ چمن میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے اور کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

گلگت بلتستان کے علاقے استور میں سیلابی ریلوں نے متعدد گاؤں کو متاثر کیا ہے۔ واٹر چینل اور باغات تباہ ہوئے ہیں اور متعدد مویشی بھی بہہ گئے ہیں۔

سندھ میں دریائے سندھ میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ سیلابی ریلا آنے سے 105 دیہات میں پانی داخل ہو گیا ہے اور 20 رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے اور مون سون کا نیا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

حکومت نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ افراد کو نکالنے اور انہیں امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں