افواج پاکستان کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر

افواج پاکستان کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے.

جنرل عاصم منیر نے یوم آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ نے ہمیں آزادی کی عظیم نعمت عطا کی ہے، جس کے تحت ہمیں اپنے ملک کا دفاع اور اس کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے کی طاقت اور عزم حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 77 سالوں میں پاکستان نے بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے لیکن ہر بار مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے، جس میں قوم اور افواج کا باہمی اعتماد کلیدی رہا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ افواج پاکستان پر قوم کا غیر متزلزل اعتماد ہمارے سب سے قیمتی اثاثوں میں شامل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی منفی قوت اس اعتماد کو کمزور نہیں کر سکتی، نہ ماضی میں ایسا ممکن ہوا ہے، نہ آئندہ ہو گا۔

جنرل عاصم منیر نے بلوچستان اور افغانستان کے حوالے سے بھی بات کی۔ بلوچستان کی سالمیت اور فلاح و بہبود کے لیے افواج پاکستان کا کردار جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کو اپنے برادر ہمسایہ ملک پر ترجیح نہ دی جائے۔

آرمی چیف نے آزادی اظہارِ رائے پر بھی بات کی، کہ آزادی اظہارِ رائے آئین کے تحت ایک حق ہے لیکن اس کی واضح حدود بھی متعین ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل دہشت گردی کی کوششوں کی مذمت کی، جو جھوٹی خبروں کے ذریعے قوم میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر اہمیت ہے اور ہم کسی بھی صورت میں اپنے اتحاد اور مضبوطی کو کمزور ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان اپنی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیں گی اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں کوئی بھی کمزوری برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں