بلوچستان میں دہشت گردی کا ایک اور واقعہ، ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔ اس حملے میں چئیرمین میونسپل کمیٹی سمیت دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
لیویز حکام کے مطابق یہ واقعہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاکر بلوچ ایک باصلاحیت افسر تھے اور ان کے قتل میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ڈپٹی کمشنر پنجگور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔