حکومت سندھ، گورنر کا ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

حکومت سندھ، گورنر کا ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

حکومت سندھ، گورنر کا ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

کراچی: پاکستان کے لیے 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے جیولن تھرور ارشد ندیم کے لیے سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔

میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے ارشد ندیم کے شاندار کھیل پر انہیں مبارکباد دی اور ملک کا نام سر بلند کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں پر انہوں نے اولمپک ریکارڈ بنا ڈالا، اس شاندار کارکردگی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان کے لیے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے پر جیولن تھرور ارشد ندیم کو سندھ حکومت کی جانب سے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے میڈل پوڈیم پر آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ قدم رکھا، جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیرس اولمپک میں تاریخ رقم کرنے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فاتح گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو شاباش دی اور مینز جیولین تھرو میں تاریخ ساز کامیابی پر پوری قوم کو مبارک باد دی۔

کامران ٹیسوری نے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ایک ملین روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کر کے نیا ریکارڈ بنایا اور شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ شائقین جیولین تھرو کو آج شاندار کھیل دیکھنے کو ملا۔

علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کیلئے تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

انہوں نے کہاکہ اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں ارشد ندیم کا 92.97 کی تھرو کا ریکارڈ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیٹے ارشد ندیم نے اولمپکس کی دنیا میں تاریخ رقم کردی، قوم اپنے ہیرو کے ساتھ کھڑی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اولمپئن ارشد ندیم نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے منزل کا حصول ممکن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں