سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں کامیاب آپریشن، 3 دہشتگرد گرفتار
لاہور: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خلاف اپنی مہم میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 78 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جن کے دوران 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عبدالوہاب، سیف اللہ اور خرم عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈی بم، گولیاں، اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
حکام کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر دھماکے کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے میں 952 کومبنگ آپریشنز کیے جن کے دوران 506 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 32056 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سی ٹی ڈی پرعزم ہے۔ سی ٹی ڈی پنجاب کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔