بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے واقعات: تین افراد جاں بحق، چار زخمی
بنوں: ضلع بنوں کے تھانہ جانی خیل کی حدود میں دو گروہوں کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دو گروہوں کے مابین تنازع کے دوران پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خالد اور کلیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں عالمگیر، محمد نور، عابد اللہ اور شریف اللہ شامل ہیں۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بنوں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابھی تک تصادم کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ظفر آباد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے لاش کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دونوں واقعات میں پولیس نے مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔