اقوام متحدہ کا بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی پر گہری تشویش کا اظہار
نیویارک: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں، مسیحیوں اور نچلی ذات کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر، آسام اور منی پور میں نافذ انسداد دہشت گردی کے قوانین کا ناجائز استعمال انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا باعث بن رہا ہے۔ ان علاقوں میں بے گناہ لوگوں کی ہلاکت، غیر قانونی گرفتاریاں، جنسی تشدد اور جبری گمشدگیاں عام ہیں۔
یو این ہیومن رائٹس کمیٹی نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر امتیازی قوانین کا خاتمہ کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ کمیٹی نے بھارت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے سول ملازمین، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کو انسانی حقوق کے معاملات پر تربیت دے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے قوانین بین الاقوامی معیارات کے مطابق نہیں ہیں۔ ان قوانین کا نفاذ صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر انسانی حقوق کی پامالی کا جواز بن رہا ہے۔