سکیورٹی فورسز کا ٹانک میں بڑا آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز کا ٹانک میں بڑا آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک شدگان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پاک فوج کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔” وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ "پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔”