سکولوں میں مفت کھانے کی فراہمی، آغاز5 اگست سے ہو گا
اسلام آباد :اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو مفت کھانا فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم کا پروگرام آئندہ ماہ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری سکولوں میں مفت کھانے کے پروگرام کا باضابطہ آغاز 5 اگست سے کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 200 سرکاری پرائمری اسکولوں کے 57 ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے اور طلبہ کی حاضری میں بہتری لانا ہے۔
اس کے علاوہ پروگرام کے تحت باڈی ماس انڈیکس کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ کی صحت اور غذائیت کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے گا جس سے ان کی صحت بہتر ہوگی اور وہ اپنی تعلیم پر پوری توجہ دے سکیں گے۔